قصور:ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کے زیر صدارت صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس

قصور (مہر محمد عابد) ڈپٹی کمشنر قصور فیاض احمد موہل کے زیر صدارت صفائی ستھرائی‘ نکاسی آب اور ضلع کی خوبصورتی میں بہتری کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن اور تحصیل کونسلزکے افسران کا اجلاس گزشتہ روز کیمپ آفس میں منعقد ہوا۔جس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد رضوان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے میونسپل کارپوریشن اور تحصیل کونسل کی حدود میں صفائی ستھرائی،نکاسی آب‘واٹر فلٹریشن پلانٹس،ٹیوب ویلز، ناجائز تجاوزات، مشینری، سٹاف اور دیگر معاملات کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلع کی صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی کیلئے بہترین لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ہنگامی بنیادوں پر اندرون شہر کی صفائی ستھرائی کو بہتر کیا جائے اور نکاسی آب کے عمل کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے تمام نالوں کی صفائی کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل بس اسٹینڈز پر صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور ٹائلٹس وغیرہ کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے اور مسافروں کو بہترین سہولیات باہم پہنچائی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گرین بیلٹس، مین شاہراہوں، پارکس کو پھولدار پودوں کیساتھ مزید خوبصورت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا ایک عظیم کام ہے اور تمام ضلعی افسران اپنی ڈیوٹی کو ایمانداری کیساتھ سرانجام دیں اور شہریوں کا جائز کام ترجیحی بنیادوں پر کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا اور کام نہ کرنیوالے افسران و ملازمین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں