فیصل آباد:تم اپنے آپ کو احتساب سے نہیں بچاسکتے،مریم نواز

فیصل آباد:(صاف بات) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز فیصل آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کررہی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ تم اپنے آپ کو احتساب سے نہیں بچاسکتے، مسلم لیگ ن کی تین نسلوں نے حساب دیا ہے، کہتے ہیں تحفوں کی تفصیل نہیں بتا سکتا، غیر ملکی سربراہان ناراض ہوجائیں گے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پنڈورا پیپرز میں عمران خان کی جماعت اول نمبر پر آئی ہے، قوم کو کیا سننے کو ملا، پنڈورا میں عمران خان کا نام نہیں کبھی سنا ہے جو چوروں کا سردار ہے وہ ایماندار ہے۔مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ایک بات کہی تھی، اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑتا ہوں، کیا آج نواز شریف کے مخالفین کو اللّٰہ نے عبرت کا نشان بنایا یا نہيں،جس نے اپنا معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا اس کو اللّٰہ نے سرخرو کردیا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کہا کرتا تھا جب آٹا مہنگا ہوجائے تو سمجھو وزیراعظم چور ہے، آج روٹی پچیس روپے کی ہوگئی تو چور کون ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج چینی 120 روپے کلو سے بھی بڑھ گئی تو بتاؤ چور کون ہے، نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کلو تھی،3 سال بعد 120 روپے کو کراس کرگئی۔مریم نواز نے کہا کہ آج 24 سے 27 روپے تک بجلی فی یونٹ ہے،چور کون ہے، نواز شریف کے دور میں پٹرول 70 اور آج 138 روپے ہے تو چور کون ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ایک جانب شیرعلی اور دوسری جانب رانا ثناء اللّٰہ کھڑے ہیں، فیصل آباد کی حدود میں 5 بجے داخل ہوئی اورساڑھے 8 بجے جلسہ گاہ پہنچی ۔مریم نواز نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے ہیروئن کا جعلی مقدمہ بھگتا لیکن نہ جھکے اور نہ ڈرے، عابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات ہوئی لیکن وہ پاکستان نہ آسکے ، عابد شیر علی آج بھی نوازشریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔حکومت مخالف تحریک پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت جلسوں کی نئی سیریز کا آغاز ہوگیا ہے، پی ڈی ایم نے اپنا پہلا پڑاؤ فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں کیا، جہاں پی ڈی ایم کا جلسہ شروع ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں