قصور: قومی اسمبلی رکن سردار طالب حسن نکئی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

قصور(مہر امجد ندیم) رکن قومی اسمبلی و چیئر مین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سردار طالب حسن نکئی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر، ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل،ڈی پی او صہیب اشرف‘پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی،سردار راشد طفیل‘رانا محمد اسلم، ندیم ہارون راشد،راؤ زاہد قیوم، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ایس ای واپڈا، ڈسٹرکٹ مینجر پی ایچ ایف ایم سی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک، ایکسئین پبلک ہیلتھ، ایکسئین ہائی وے، ایکسئین بلڈنگ‘ایری گیشن، سوئی گیس سمیت تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کو محکمہ پولیس، ہائی وے،بلڈنگ، ایری گیشن، زراعت، لائیوسٹاک، ہیلتھ، ایجو کیشن، واپڈا، سوئی گیس سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی سردار طالب حسین نکئی نے کہا کہ حکومت عوام الناس کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے ضلع کی تعمیر وترقی اور عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں تا کہ عام آدمی کا معیار زندگی مزید بہتر ہو سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کیساتھ مقررہ وقت پر مکمل کی جائیں اور متعلقہ افسران موقع پر جا کر ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل اور ان میں استعمال ہونے والے میٹریل کا جائزہ لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں