میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئےشرائط ,حکومت کا غیر انسانی فعل ہے. احسن اقبال

لاہور(صاف بات ) ن لیگ کے رہنماء احسن اقبال نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے شرط عائد کرنے کو غیر انسانی اقدام قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ حکومت نے اپنے ووٹرز اور سیاسی بیانیے کیلئے غیر انسانی فعل کیا، امید ہے عدالت سے غیر قانونی شرط پر ریلیف مل جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے ضمانتی بانڈ کی شرط پر پاکستان کے صف اول کے ماہرین نے قانونی رائے دی ہے، میں وزیر داخلہ رہا اور ای سی ایل کیسز سے واسطہ پڑا، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کیلئے شرائط رکھی ہے، حکومت نے اپنے ووٹرز اور سیاسی بیانیے کیلئے غیر انسانی فعل کیا۔

حکومت نے میاں نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے ایک بار مشروط طور پر بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی تھی، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شریف خاندان کو 1 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کا ضمانتی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، جسے نواز شریف نے یکسر مسترد کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں