دو ہزار بائیس میں آسٹریلین ٹیم کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں تیز

کراچی:(صاف بات) پی سی بی نے دو ہزار بائیس میں آسٹریلین ٹیم کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں تیز کردیں

شین واٹسن گزشتہ دنوں آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر مقرر ہوئے تھے اور وہ اس ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کریں گے۔  وسیم خان ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہیں جہاں وہ کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشلز اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال کے آغاز میں پاکستان سپر لیگ کے لیے کراچی آنے والے شین واٹسن کا فیڈ بیک پی سی بی کی کوششوں کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے ساتھ پی ایس ایل میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آئے تھے، حال ہی میں ایک انٹرویو میں واٹسن نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کو سراہا اور دوبارہ پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ملاقات ملبرون میں پہلے ٹیسٹ کے بعد شیڈول ہے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلین کرکٹرز کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کو ایک اور سہارا اس وقت ملا جب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے اس امکان کی جانب اشارہ دیا کہ آسٹریلیا کی ٹیم مستقبل میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیوین رابرٹس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کیلئے یہ بات کافی حوصلہ افزا ہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے پر تیار ہوگئی ہے، یہ اس جانب اشارہ ہے کہ پاکستان میں معاملات درست سمت جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورے کے حوالے سے کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کریں گے اور کسی بھی حتمی رائے تک پہنچنے سے قبل تمام معاملات کا جائزہ لیا جائے گا تاہم کیوین رابرٹس نے امید ظاہر کی کہ عالمی کرکٹ کے مفاد اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے لیےآسٹریلین ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

۔

اپنا تبصرہ بھیجیں