ملتان : ناروے میں قرآن کی بےحرمتی کو روکنے والے مجاہد کو رہا کیا جائے اور قرآن کی بےحرمتی کرنے والے شخص کو سزا دی جائے۔ شاہ محمود قریشی

.ملتان (صاف بات)  ناروے میں قرآن کی بےحرمتی کو روکنے والے مجاہد کو رہا کیا جائے اور قرآن کی بےحرمتی کرنے والے شخص کو سزا دی جائے۔ شاہ محمود قریشی

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ناروے کے واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، اس واقعے سے مسلمانوں کی دل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اپنے سفیر کو بھی کہا کے وہ اس معاملے پر ناروے حکومت سے بات کریں۔شاہ محمود قریشی نے ناروے میں قرآن کی بےحرمتی کو روکنے والے مجاہد ’عمر الیاس‘ کو رہا کرنے اور قرآن کی بےحرمتی کرنے والے شخص کو سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 112 دن گزر گئے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت تھی، ہے اور رہے گی، کشمیرکے مسئلے پر سیاسی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے، داخلی سیاسی صورت حال کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر میڈیا کی توجہ اٹھ گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سیل کے اگلے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔سی پیک منصوبے پر امریکی خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر اور معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے، سی پیک کے منصوبے جاری رہیں گے، امریکی نائب وزیر خارجہ کے سی پیک سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق وزیراعظم کے بیان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر وزیراعظم کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آصف زرداری کو راولپنڈی اس لیے شفٹ کیا کیونکہ سندھ حکومت نیب سے تعاون نہیں کر رہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں