اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس دائر

اسلام آباد : (صاف بات ) نیب راولپنڈی نے سابق وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی سمیت 7 افراد کیخلاف ریفرنس دائر کر دیا ۔

نیب کی جانب سے ایل این جی ریفرنس سے متعلق پیشرفت رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔ منگل 3 دسمبر کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو عدالت میں پیش کیا گیا جس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع کردی۔دورانِ سماعت شاہد خاقان عباسی نے روسٹرم پر سوال کیا کہ میرے خلاف الزام کیا ہے یہ بتا دیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس دائر ہوگا جس میں سب کچھ ہوگا۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ انتظار کر لیں آج ریفرنس آ جائے گا، جس پر شاہد خاقان نے کہا کہ یہ آج بھی دائر نہیں کریں گے بلکہ آج یہ منظوری لیں گے۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب میں کہا کہ منظوری ہوُچکی ہے آج ریفرنس دائر کر دیا جائے گا، آج رجسٹرار آفس میں ریفرنس کی اسکروٹنی ہوگی۔ سماعت میں وقفے کے دوران شاہد خاقان کی مریم اورنگزیب اور پرویز رشید سے ملاقات بھی ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کو 16 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں