اسلام آباد: بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کایوم ولادت 25دسمبرکو منایا جائے گا

اسلام آباد: (صاف بات) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کایوم ولادت 25دسمبرکو منایا جائے گا

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت 25دسمبر کوجوش و خروش سے منایا جائے گا، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں اور قائدکی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی سے کیا جائے گا۔ اس موقع پر قوم یکجہتی کے عظیم الشان جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بانی پاکستان کو ان کی گرانقدر خدمات اور برصغیرکے مسلمانوں کے لئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرے گی، صوبائی دارالحکومت میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میںخصوصی تقریب منعقد ہو گی جس میں کارکنان تحریک پاکستان اور دانشوروں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف پنجاب بھی یوم قائداعظم کے موقع پر “ہم سب کے قائداعظم” کے موضوع پر تقریب کا انعقادکرے گی ۔

مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور شرکت کریںگے ، تقریب میں ملکی مذہبی و سیاسی جماعتوں، اینکرز پرسن ، کالم نگارسمیت دیگر مکتب فکر کے نمائندو ںکو مدعو کیا گیا ہے۔ اسی طرح یوم قائد اعظم کے حوالے سے مختلف شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں خصوصی ٹیبلوز، ملی نغمے اور تقاریر کی جائیں گی۔ تقریبات میں مقررین قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالیں گے اور پاکستان کے قیام کے سلسلہ میں ان کی جدوجہد کو سلام پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں