اسلام آباد: ن لیگ کا ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء پر ڈکیتی کا مقدمہ کرانے کا اعلان

اسلام آباد: (صاف بات) ن لیگ کا ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء پر ڈکیتی کا مقدمہ کرانے کا اعلان

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ایف آئی اے کے چھاپےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے چھاپے پر واجد ضیاء کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کل احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ ‎ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی سیکرٹریٹ پرایف آئی اے کے چھاپے سے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کی کہانی سچ ثابت ہوگئی، بشیر میمن نے نالائق اور نااہل عمران خان کا آلہ کار بننے سے انکار کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف بدنام زمانہ “ہیروں” کو پھر سے استعمال کرنےکافیصلہ کیاگیا، چھاپے سے ثابت ہوگیا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو اصلی ہے، چھاپے سے یہ بھی ثابت ہوگیا جج ارشد ملک نے دباؤ کے تحت نوازشریف کو سزا سنائی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کو عہدے سے ہٹاکر پاناما کیس میں نواز شریف کیخلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیاء کو نیا ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا تھا۔

‎ترجمان ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ نیب نیازی گھٹ جوڑ ناکام ہو رہا ہے، پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ نالائق اور نااہل عمران کے کہنے پر مارا گیا، جھوٹے مقدمات کےثبوت نہیں مل رہے تو ایف آئی اے کو اب دباؤ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ‘پارٹی سیکریٹریٹ پر حملہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے’ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ کے فیصلوں پر اپنا غصہ مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ پر بلاجواز چھاپے مار کر نکال رہی ہے، پارٹی سیکرٹریٹ پر حملہ عمران نیازی حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، ‎افسوس کا مقام ہے سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی سیاسی انتقام کے تحت پامال کیاجارہا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے ہمارے حوصلے پست ہوں گے نہ ہم سچ بولنا چھوڑیں گے، عمران نیازی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک اور قومی ادارے کو سیاست میں الجھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں