گڑھی خدا بخش: بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں قرآن خوانی اور لنگر کا اہتمام

گڑھی خدا بخش: (صاف بات) بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں قرآن خوانی اور لنگر کا اہتمام

بینظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور مزار کے بیرونی حصے میں واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے۔ برسی کے موقع پر مزار کے احاطے میں ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور لنگر عام کااہتمام کیا گیا۔ مزار کے بیرونی حصے میں کارکنوں کے لیے پنڈال اور لیاقت باغ راولپنڈی کی مرکزی تقریب لائیو دکھانے کے لیے اسکرین بھی لگائی گئی۔ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو اور دیگر مقامی قائدین برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں موجود تھے تاہم آصفہ بھٹو نے کارکنوں سے خطاب نہیں کیا بلکہ بڑی اسکرین پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب راولپنڈی سے براہ راست دیکھا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پہلی بار پیپلزپارٹی نے لیاقت باغ میں جلسہ کیا جس سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں بلاول نے کہا کہ ضیاء تھا، بھٹو ہے، مشرف تھا بینظیر ہے، کوفے کی سیاست سے مدینہ کی ریاست قائم نہیں کی جاسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں