اسلام آباد: نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: (صاف بات) نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020ء عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کا سال ہوگا، اپنے گھر لاڑکانہ سے شکست کھانے والوں کے منہ سے نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ لاڑکانہ کی حالیہ شکست کرپشن کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب پاکستان کے عوام نے دو خاندانوں کے دہائیوں سے مسلط اقتدار کو زمین بوس کر کے عمران خان کی قیادت میں حقیقی عوامی راج قائم کر دیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشں قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ خود اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے اور اگر عوام اقتدار عمران خان کو دیں تو ان کی طبیعت ناگوار کیوں؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں