اپوزیشن آج ہی استعفے دے میدان میں آئیں، اسد عمر

تحریک انصاف کے رہنما اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے کل کا انتظار کیوں کررہے ہیں؟ آج ہی استعفے دیں اور میدان میں آئیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد عمر نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ وہ دوبارہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں بات کرنے والے ہیں ہم نے جواباً دھمکیاں نہیں دینی، مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ہم عدالت جارہے ہیں، وزیراعظم کہ چکے ہیں کہ معاہدے کے مطابق یہ اپنا احتجاج کا حق استعمال کریں۔ خیال رہے کہ آج ہونے والے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے استعفے پر متفق ہیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں، ملگ گیر شٹر ڈاؤن اور ہائی ویز کو بلاک کرنے سمیت دیگر آپشنز زیر غور ہیں۔ فضل الرحمان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وزیراعظم نے دو روز میں استعفیٰ نہ دیا تو یہ اجتماع قدرت رکھتا ہے کہ خود وزیر اعظم کو گھر جا کر گرفتار کر لے البتہ ہم پُرامن لوگ ہیں چاہتے ہیں کہ پُرامن رہیں، اداروں کے ساتھ کوئی لڑائی یا تصادم نہیں،اداروں کا استحکام چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ادارے بھی غیر جانب دار رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں