لاہور:حکومت ہو یا اپوزیشن، مل کر عوامی مسائل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا: چوہدری پرویز الہیٰ

لاہور: (صاف بات) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ملکی حالات اجتماعی کاوشوں کا تقاضا کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کا حل ہوسکے۔ حکومت ہو یا اپوزیشن، سب کو مل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔تفصیل کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ق) کے صوبائی وزیر نے اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی رپورٹ چودھری پرویز الہیٰ کو پیش کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے معاشی سرگرمیوں کی بہتری کے لئے محکمہ معدنیات کے اقدامات اور پرفارمنس کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) اتحادی کی حیثیت سے عوام کے ریلیف کے لئے بھرپور کام کر رہی ہے۔ معاشی سرگرمیوں میں تیزی لا کر عوامی ریلیف کو فوکس کرنا ہوگا۔چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے وزرا اپنے محکموں میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کا مشن عوامی خدمت ہے۔ ماضی میں بھی بھرپور عوامی منصوبے لائے، آج بھی عوامی خدمات میں پیش پیش ہیں۔

وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو بریف کیا کہ محکمہ معدنیات کی جانب سے 16 کمپنیوں کو سمینٹ لائسنس جاری کیے ہیں جس سے پنجاب میں 560 ارب کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ محکمہ معدنیات نے 10 سال کے بعد کوئلے کے لائسنس پر عائد پابند ی ختم کر دی ہے۔وزیرمعدنیات کا کہنا تھا کہ محکمہ معدنیات نے لیز تجدید اور لائسنس کے اجرا کے عمل کو کمپیوٹرائز سسٹم شروع کیا۔ مائنز لیبر ویلفیئر کے لئے ایک کروڑ 30 لاکھ سے مثالی اقدامات کئے گئے۔ 7 سکولز، 79 ہاؤسنگ سہولیات اور چار ڈسپنسریوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ کان کنوں کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ محکمہ کی جانب سے مقرر کردہ مالی وصولیوں کے اہداف میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں