لاہور:’عمران خان نے پی ڈی ایم سے این آر او لینے کیلئے شہباز اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا’مریم اورنگزیب

لاہور: (صاف بات) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ڈی ایم سے این آر او لینے کے لئے شہباز شریف اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری کی وجوہات پر مبنی چارج شیٹ بھی جاری کر دی۔پارٹی صدر شہبازشریف کے جیل میں 100دن مکمل ہونے پر بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائدِ حزبِ اختلاف کو جیل میں قید ہوئے 100 دن ہو گئے ہیں، لیکن 100 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، عمران خان نے شہباز شریف کو صرف اِس لئے گرفتار کیا ہوا ہے کیونکہ وہ خود نالائق، نااہل ، چور اور جھوٹے ہیں۔ اُنہیں معلوم ہے کہ شہباز شریف کی ملک چلانے اور عوام کو ریلیف دینے کی پوری تیاری ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ جھوٹے الزامات پہ شہباز شریف کو ناحق گرفتار تو کر سکتا ہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کے ثبوت پیش نہیں کر سکتا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو کاغذ شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے اور میڈیا ٹرائل کے لئے لہرائے جاتے تھے، وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔ 100 دن شہباز شریف کو گرفتار کر کے عوام کا آٹا چینی چوری کیا گیا، اب عوام کی گیس اور بجلی چوری کی جا رہی ہے، حکمرانوں نے نالائقی ، نااہلی ، جھوٹ اور کرپشن چھپانے کے لئے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کو ناحق گرفتار کیا ہوا ہے،

شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب کو مہنگائی 3 سے 14 فیصد کرنے پر این آر او دے دیا جائے تاکہ کوئی عمران صاحب سے یہ نہ پوچھے کہ سو دن کے پلان کا کیا ہوا؟ عمران صاحب ترقی کی شرح منفی کرنے پر اپنے لئے این آر او لے سکیں، شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب ایک کروڑ نوکریاں نہ دینے اورپچاس لاکھ گھر، ایل این جی تاخیر سے اور مہنگی درآمد کرنے پر اپنے لئے این آر او لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب 200 ارب چینی چوری، 225 ارب کی آٹا ڈکیتی اور 122 ارب کی ایل این جی چوری میں اپنے لئے این آر او لے سکیں۔ شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب کو زمان پارک گھر کی کروڑوں روپے کی نئی تعمیر، 23 فارن فنڈنگ اکائونٹس کے اربوں روپے اور 126 ارب کے پشاور بی آر ٹی کے کھڈوں پر این آر او دے دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں