لاہور:عوام کی جان نہ لیں، عمران نیازی استعفیٰ دیں: شہباز شریف

مسلم لیگن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، ان کے استعفے سے ملک و قوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایسے شخص کو وزارتِ عظمیٰ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول کی فی لٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بد دعائیں لینا ہے، 1 لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہو گئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب آدمی مر گیا، وہ کہاں جائے؟

انہوں نے سوال کیا کہ غریب اپنے گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟ 20 ہزار روپے تنخواہ والے کا 10 ہزار روپے کا بجلی کا بل آ رہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟

صدر نون لیگ شہباز شریف نے سوال کیا ہے کہ 10 ہزار روپے کی تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ مہنگائی بڑھنے اور معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، یہ بات قوم کو سمجھ آ چکی ہے۔

میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم کو 46 روپے لیٹر پیٹرول دینے کا وعدہ کر کے اس کی قیمت 137 روپے لیٹر سے زیادہ کر دی، یہ تھی آپ کی صداقت؟

اپنا تبصرہ بھیجیں