اسلام آباد:ٹی ٹی پی کی شرائط قبول نہیں کی جاسکتی ہیں،وہ لڑیں گے تو ان سے لڑا بھی جائے گا۔ شیخ رشید احمد

اسلام آباد:(صاف بات) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتےہوئے بتایا کہ اس قوم کی افواج،سویلین اور اینٹلی جنس اداروں نے ہزاروں جانوں کی قربانی دے کردہشت گردوں کوشکست دی ہے۔انھوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف فورسز کو کامیابی حاصل ہورہی ہے اور صرف کچھ گروپ اِکا دُکا وارداتیں کررہے ہیں۔اسلام آباد میں 2 دہشت گرد مارے گئے جس کا ٹی ٹی پی نے بھی اعتراف کیا۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان بن چکا ہےاورملک میں ایسے ادارے موجود ہیں جو تمام چیزوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان نے ضمانت دی کہ ان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ داعش سےبات نہیں ہوئی جبکہ بی این اے چھوٹا سا گروپ ہے۔ تحریک طالبان پاکستان سے متعلق انھوں نے دو ٹوک کہا کہ ٹی ٹی پی کی شرائط قبول نہیں کی جاسکتی ہیں، اگر وہ لڑیں گے تو ان سے لڑا جائےگا۔سیاست سے متعلق انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو حلف اٹھائے چند دن ہوئے تھے تو اپوزیشن نے ان کی جانے کی باتیں کرنا شروع کردیں۔ تاہم عمران خان کہیں نہیں جا رہے ہیں۔ اپوزیشن نےٹریکٹر ٹرالی نہیں بلکہ ریڑھا ریڑھی نکالی ہے۔

اس سلسلے میں انھوں مزید کہا کہ اگر اپوزیشن نے کوئی ایسی غلطی کی کہ جس سے جمہوری نقصان ہوا تو یہ ان کا نقصان ہوگا،ایمرجنسی اور صدارتی نظام کا شور ہے اور ابھی تک یہ کابینہ میں زیر بحث نہیں آیا ہے۔عالمی سیاست سے متعلق انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو چین سے دور نہیں کرسکتی۔ بھارت کو شیخ رشید اور عمران خان کےعلاوہ کوئی نظر نہیں آتا اور پاکستان کی ترقی ہندوستان ایک آنکھ نہیں بھاتی۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی زندگی کوعذاب بنا دیا گیا ہے اور وہاں مسلمان کرب کی زندگی گزاررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں