قصور:وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

قصور(صاف بات) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی /ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو محکمہ زراعت توسیع، واٹر مینجمنٹ، اریگری گیشن،لائیو سٹاک، واپڈا، پولیس سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ارشد بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد منصوبوں پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کاشتکاروں کو بیج،کھاد،زرعی ادویات پر سبسڈی دینے کیساتھ ساتھ کم قیمت پر زرعی آلات،ڈرپ اری گیشن سسٹم، سائیلج مشینیں بھی فراہم کی جارہی ہیں جن پر کروڑوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ عملہ زرعی شعبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے،جدید طریقہ کاشتکاری کو متعارف کروانے اور جدید ٹیکنالوجی کو چھوٹے کاشتکاروں کے کھیت تک لے جانے کیلئے ایمانداری،نیک نیتی سے محنت کریں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایات کی کہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تا کہ کاشتکاروں کی مشکلات کا مزید بہتر طریقے سے ازالہ کیا جاسکے جس کے لئے متعلقہ افسران کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا۔ غیر معیاری بیج اور کھاد بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں