قصور: ملک کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا

قصور (صاف بات) یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا، کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ڈپٹی کمشنر قصورفیاض احمد موہل کی قیادت میں ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی اور اس موقع پرپاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ریلی میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسز مزمل مسعود بھٹی‘قیصر ایوب شیخ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر حفیظ الرحمن،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر ثمرہ خرم، ایڈمنسٹریٹر ڈی پی ایس محمد جہانگیر چوپڑا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک اظہر نذیر، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد عدیل سیال، ضلعی صدر نمبردار ایسوسی ایشن ملک خرم نصراللہ خاں، طلباء، اساتذہ، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال پانچ فروری کو پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں۔ اس دن کے منانے کا مقصد اقوام متحدہ اور پوری عالمی برادری کو یہ یاد دلانا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے فورم پر کشمیریوں سے وعدوں کے باوجود انہیں انصاف کیو ں نہیں دیا جا رہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کشمیریوں اور انکی جدوجہد آزادی کی حمایت ہر پاکستانی اپنا فرض سمجھتا ہے اس لئے پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے بہادر کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس مسئلہ پر پاکستان کے اصولی موقف کو بدلا جا سکتا ہے۔ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں