قصور:ضلع بھر میں مقابلہ جات کا شیڈول جاری‘تمام کیٹیگریز میں 17فروری تک رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے

قصور(صاف بات) پنجاب آرٹس کونسل محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ 2022 جاری‘ضلع بھر میں مقابلہ جات کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں ضلعی سطح پر ہونیوالے مقابلہ جات کی ابتدا ضلع قصور سے ہو رہی ہے۔ضلع قصور میں ٹیلنٹ ہنٹ 2022 کے تمام مقابلہ جات 19 فروری بروز ہفتہ بمقام اسپورٹس اسٹیڈیم قصور میں منعقد کیے جائیں گے جبکہ مقابلہ جات کی تمام کیٹیگریز میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 17 فروری ہے۔ ضلع کے رہائشی مرد و خواتین شرکت کیلئے اہلیت رکھتے ہیں۔ مصوری، دستکاری، گائیکی، نثر نگاری، کیلئے عمر کی حد 16سے40 سال تک ہے جبکہ تھیٹر اور ثقافتی رقص میں شرکت کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں۔ تمام مقابلہ جات 75ویں جشن یوم پاکستان کے تھیم پر ہوں گے۔ گائیکی میں قومی نغمے، لوک گیت اور عارفانہ کلام شامل ہوں گے۔

ثقافتی رقص میں بھنگڑا، لڈی، گدا اور دیگر علاقائی ثقافتی رقص شامل ہوں گے۔ ثقافتی رقص اور تھیٹر کی کیٹیگریز میں کم از کم دو یا زائد افراد شرکت کر سکتے ہیں جبکہ دیگر کیٹیگریز میں شرکت انفرادی ہو گی۔ ابتدائی یا ضلعی سطح کے مقابلوں میں مصوری، دستکاری، نثر نگاری، گائیکی کیلئے پہلا انعام 20ہزار، دوسرا 15ہزار اور تیسرا 10ہزار روپے رکھا گیا ہے جبکہ لوک یا ثقافتی رقص اور تھیٹر کیلئے پہلا انعام 40ہزار، دوسرا 35ہزار اور تیسرا انعام 30ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ ڈویژن اور صوبائی سطح کے مقابلوں کیلئے انعامات الگ ہوں گے جن میں ضلعی مقابلوں کے صرف پوزیشن ہولڈرز شرکت کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں