جہلم:جو لوگ عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، فواد چوہدری

جہلم:(صاف بات) میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے آج عدالت میں کہا جو کاپیاں دیں وہ پڑھی نہیں جاتیں، سیاہی ٹھیک نہیں، چارج فریم پڑھا نہیں جارہا، شہبازشریف کو کاپیاں پڑھنے کے لیے بھی استاد کی ضرورت پڑی، اس طرح کے حربے اختیار کرکے یہ احتساب کے عمل سے بچ نہیں سکیں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں اور خود اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہوسکتے، مارچ والوں سے مارچ کیا واک بھی نہیں ہونی، پیپلزپارٹی لبرل اور جے یو آئی مذہبی جماعت ہے مگر کس لیے ساتھ ہوئے، مولانا سمجھتے ہیں کہ مدرسے کے بچے لانگ مارچ کامیاب کرائیں گے اور بچے اکٹھے کرکے یہ لوگ حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے، یہ کہتے ہیں عدم اعتماد تحریک لائیں گے، ان پر تو اپنے گھر والے اعتماد نہیں کرتے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف قرضہ نہ لیتے تو آج ادائیگی کے لیے مزید نہ لینے پڑتے، نوازشریف لندن جانے کے لیے جھوٹ بول کرگئے، مریم صفدر بھی عدالتوں کے سامنے جھوٹ بول رہی ہوتی ہیں، عوام کے پیسے چوری کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ یہ پہلےعوام کا پیسہ لائیں اور پھر سیاست کریں، یہ لوگ عوام کے مجرم ہیں، بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہورہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم صفدر صرف میئر کا انتخاب لڑ کر دکھادیں۔فواد چوہدری نے بتایا کہ اپوزیشن آج ہونے والا منڈی بہاوالدین کا جلسہ دیکھے، عوام کا سمندر آج وزیراعظم کا استقبال کرے گا،یہ جلسہ آنیوالے جلسوں کے سلسلے کی کڑی ہے، وزیراعظم چاروں صوبوں میں بڑے جلسے کریں گے، اور عوام سے براہ راست مخاطب ہوں گے، عوام کا سمندر آج وزیراعظم کا استقبال کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں