لاہور:وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب

لاہور:(صاف بات)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا سمیت 80 اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات ہوئی جس میں مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ملاقات کرنے والوں میں اشرف خان رند، سردار منصور احمد خان، میاں علمدار عباس قریشی، نیاز حسین خان اور عون حمید شامل تھے۔اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے اور وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر روکنے کے لیے اپوزیشن سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور افراتفری کی سیاست کرنا قومی مفادات کے منافی ہے۔ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتیات کے گرد گھومتی ہے۔ تحریک انصاف متحد اور پہلے سے مضبوط جماعت ہے، کوئی ہم میں خلیج پیدا نہیں کر سکتا، اپوزیشن کی جانب سے خرید وفروخت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، مخالفین پہلے بھی منڈیاں لگا چکے ہیں لیکن اب ان کا مقابلہ تحریک انصاف سے ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں چھانگا ماگا یا مری کی سیاست نہیں چلے گی، پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست ہوگی، تحریک عدم اعتماد میں یقینی ناکامی دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، آپ نے ہمیشہ ہمارے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں