اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اسلام آباد:(صاف بات) نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسین شدہ افراد کے لیے ہر قسم کی کورونا پابندیاں ختم کر دی گئی جبکہ پابندیوں کے خاتمے کا اطلاق فوری طور پر نافظ العمل ہوگا۔لازمی ویکسین کی شرط برقرار رہے گی اور ماسک پہننے کا عمل بھی جاری رہے گا۔صرف مکمل ویکسین شدہ افراد شادی تقریبات اور ڈائن ان کر سکیں گے جبکہ سینما گھروں، مزارات، دفاتر اور دیگر جگہوں پر بھی جا سکتے ہیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں میں پری کوڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ملک بھر میں تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نیوز بریفنگ میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ویکسین لگوانے کی پابندی برقرار رہے گی کیونکہ کورونا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور ہوسکتا ہے پابندیاں ختم کرنے سے وبا میں کچھ اضافہ ہو، لیکن ہم دوبارہ بھی اقدامات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے این سی او سی کی ہدایات پر بہت حد تک عمل کیا، لہٰذا جتنی پابندیاں لگائی تھیں وہ ختم کی جا رہی ہیں، شادی کی تقریبات، مارکیٹس، بازاروں، آؤٹ ڈور ایونٹس، کھیلوں کی سرگرمیوں، مذہبی اجتماعات پر لگی تمام پابندیاں ختم کر رہے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے اور کورونا کیسز میں مسلسل کمی آر ہی ہے، اس لیے سوچ سمجھ کر معمول کی زندگی کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے، اب اس وبا سے نکلنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں