راولپنڈی:ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی:(صاف بات) پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یوم دفاع وطن کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید جاجوہ کا کہنا ہے کہ چھ ستمبر پاک افواج کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، پاک افواج کے عزم کی پشت پناہی عظیم پاکستانی قوم نے کی۔آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ افواج پاکستان نے تمام مشکلات سے مادر وطن کی حفاظت کی، پوری قوم اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے، ہماری آزادی اور امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کے مرہون منت ہیں۔ جنرل قمر جاوید کے مطابق ہمارے شہداء ہی سبز ہلالی پرچم کو بلند رکھے ہوئے ہیں۔

یوم دفاع کے حوالے سے امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے بھی یوم دفاعِ پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چھ ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، یہ دن پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد اور پختہ عزم کی یاد دلاتا ہے، پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی جارحیت کو شکست فاش دی۔سربراہ پاک بحریہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دن شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ عہد حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہے۔نیول چیف کے مطابق پاک بحریہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ ہم وطنوں کی ہرممکن مدد کيلئے کوشاں ہے۔ آج ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔یومِ دفاع کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی پیغام بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ یوم دفاع ان عظیم قربانیوں کی لازوال داستان ہے جو 1965 کی جنگ میں افواج پاکستان کے جوانوں نے وطن کے لیے لڑتے ہوئے پیش کی۔ ملک کے دفاع اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں پیش کی ہیں تاریخ میں انکی مثال نہیں ملتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں