اسلام آباد:پی اے سی نے جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش کردی۔

اسلام آباد:(صاف بات) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی نے کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر بغیر ادائیگی استعمال کرنیوالے عمران خان سمیت 1800 افراد کی فہرست کمیٹی اور الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔کمیٹی نے کہا واجبات ادا کئے بغیر سفر کرنیوالے نادہندہ ہیں، صرف عمران خان کے ذمہ 7 کروڑ روپے سے زائد واجب الادا نکلے، ای سی پی کو ان کیخلاف ایکشن لینا چاہئے۔سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان 3 مرتبہ طلبی کے بعد بالآخر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش ہوگئے۔ نور عالم خان نے کہا کہ آپ پر طیبہ گل کو ایک ماہ تک وزیراعظم ہاؤس میں رکھنے کا الزام ہے۔جس پر سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے بھرپور طریقے سے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی اس خاتون سے نہیں ملا، ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ ایک ماہ تک کوئی وزیراعظم ہاؤس میں رہے اور ریکارڈ میں کچھ نہ ہو۔

اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یاد نہیں کہ وہ خاتون کبھی وزیراعظم ہاؤس آئی تھی، بہتر ہے وزیراعظم ہاؤس اور سٹیزن پورٹل کا ریکارڈ چیک کرلیا جائے۔کمیٹی چیئرمین نور عالم کے پوچھنے پر اعظم خان نے بلیو ایریا میں کسی کے دفتر جانے اور طیبہ گل سے ملنے کی بھی تردید کردی۔چیئرمین پی اے سی نے کہا طیبہ گل کیس ہم انکوائری انسداد ہراسگی کمیشن کے سپرد کرچکے ہیں۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے لاپتہ افراد کمیشن کی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے جاوید اقبال کو کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش کردی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بی آر ٹی ریفرنس دائر نہ ہونے پر سابق قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ کو طلب کرلیا، اجلاس میں شیخ روحیل اصغر نے سوال اٹھایا کہ نیب میں مونس الٰہی کا کیس کس نے بند کروایا اور کیوں؟۔ کمیٹی نے اس حوالے سے بھی تفصیلات طلب کرلیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں