اسلام آباد:ملک بھر میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات،مزید 18 افراد جاں بحق

اسلام آباد:(صاف بات) ملک بھر میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں مزید اٹھارہ افراد جاں بحق جب کہ سترہ زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار تین سو تینالیس ہوگئی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جب کہ متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق متاثرین کے انخلا کے لیے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی مزید بیس پروازیں ہوئیں، جب کہ چوبیس گھنٹے میں دوسو سترہ افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران متاثرین تک تیس ٹن راشن پہنچایا گیا ہے۔ اب تک تین سو تراسی پروازوں کے ذریعے تین ہزار آٹھ سو سینتالیس متاثرین کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا اہم اجلاس آج بروز بدھ 7 ستمبر کو ہوا۔ جس میں این ایف آر سی سی کو سیلاب کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں آبادکاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میپنگ کی مدد سے مواصلاتی انفراسٹرکچر کی بحالی کو ترجیح دی جائے گی اور جنگی بنیادوں پر نقصانات کے اندازے کا مشترکا سروے مکمل کیا جائے۔نیشنل فلڈ ریسپانس کورآرڈینیشن سینٹر اجلاس میجر جنرل ظفر اقبال، چئیرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں