اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں پر ضمنی انتخاب ملتوی کردیئے

اسلام آباد:(صاف بات) ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی الیکشن کمشنرسندھ ، خیبرپختونخوا اور پنجاب نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا۔ مختلف سرکاری عمارتوں میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے۔ جہاں سے امدادی خوارک کی ترسیل کی جارہی ہے۔

انتخابات کا پرامن انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ضمنی انتخابات میں پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیلبری کی امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے دستیابی ضروری ہے۔ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ تاریخوں کو ملتوی کیاجاتا ہے۔باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے۔یہ فیصلہ مفاد عامہ کے تحت کیا گیا، تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حالات کی بہتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دستیابی پر نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ ، کے پی اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمد ورفت مخدوش ہو چکے ہیں۔ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ، قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسران و جوان سیلاب متاثرین کو ریلیف میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ این اے 157 پی پی 139، پی پی 241 میں 11 ستمبر کو ضمنی انتخابات ہونا تھے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ سے ضمنی انتخابات کے لیے پاک فوج، رینجرز طلب کی تھی۔ قومی ایمرجنسی کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کے لئے انکی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں