تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے سے73 افراد جاں بحق 40 زخمی

رحیم یار خان کے تحصیل لیاقت پور کے قریب تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں آگ لگنے سے کم از کم 73 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو کے مطابق ٹرین کی ایک بوگی میں سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگی جس کے بعد آگ نے 3 بوگيوں کو اپنی لپيٹ ميں لے ليا۔ فائر بريگيڈ اور ريسکيو عملے نے آگ پر قابو پایا جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 73 افراد کی لاشیں اور 40 سے زائد افراد کو زخمی حالت میں نکالا جا چکا ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ہے اور 70 سے زائد افراد زخمی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی سی او ریلوے جنید اسلم کے مطابق تيزگام میں کل 933 افراد سفر کر رہے تھے جب کہ متاثرہ 3 بوگیوں میں 207 افراد سوار تھے۔ اکانومی کی ایک بوگی میں 77، دوسری میں 76 اور متاثرہ تیسری بزنس کلاس بوگی میں 54 مسافر سوار تھے۔ اکانومی کلاس کی 2 بوگياں امير حسين اينڈ جماعت کے نام سے بک ہوئيں جس میں زيادہ تر حيدرآباد سے مسافر سوار ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں