قصور:وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات‘ضلع بھر میں ریونیو خدمت سروسز کا انعقادکیا گیا۔

قصور(مہر محمد عابد) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ار کی خصوصی ہدایات پر ضلع میں تحصیل کی سطح پر ریونیو خدمت سروسز کا انعقادکیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرآسیہ گُل نے ڈی سی کمپلیکس کے لان میں عوام الناس کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔ ریو نیو خدمت سروسز میں فرد اور انتقال کا اجراء، درستگی ریکارڈ، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجرااور دیگر ریونیو اور دیگر مسائل کاازالہ کیاگیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز پنجاب حکومت کااحسن اقدام ہے جس سے شہریوں کو بھرپور ریلیف میسر آرہاہے۔ پنجاب حکومت کی ہدایات پر عوام الناس کے رد عمل کو دیکھتے ہوئے ریونیو عوامی خدمت سروسز ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ دنوں میں منعقد ہوا کریگی تا کہ شہریوں کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کا بروقت ازالہ ہو سکے۔

انہوں نے شہریو ں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ریونیو خدمت سروسزمیں تشریف لائیں۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ریونیو خدمت سروسز میں آنیوالے سائلین کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جس کیلئے ریونیو عوامی خدمت سروسز میں کرونا ویکسی نیشن کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں تا کہ یہاں آنیوالے سائلین بآسانی اپنی ویکسی نیشن کروائیں۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر قصور اورنگزیب سدھو اور دیگر تمام ریونیو افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر رابعہ ریاست نے تحصیل پتوکی میں جبکہ تحصیل چونیاں اور کوٹ رادھاکشن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو خدمت سروسز کا انعقاد کیا اور عوام الناس کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں