قصور:ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی اور ناقص حکمت عملی شہر بارش کے پانی میں ڈوب گیا ۔

قصور (صاف بات)ضلعی انتظامیہ کی نا اہلی اور ناقص حکمت عملی شہر بارش کے پانی میں ڈوب گیا ۔ میونسپل کارپوریش کا عملہ خرگوش کی نیند سو گیا ۔ شہر کی سیاسی، سماجی، فلاحی اور شہری تنظیمیں بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن نہ ہونے پر نالاں ۔تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز ہونیوالی بارش نے قصور شہر کو سوہنا شہر بنانے کی دعویدار ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھو ل دیا اور ضلعی انتظامیہ کے عوامی مسائل حل کرنے کے جھوٹے دعوے بارش کے ساتھ ہی بہہ گئے۔ شہر کی سڑکیں اور آبادیاں مین شہباز خان روڈ، نور مسجد چوک، للیانی اڈا چوک، حاجی فرید روڈ،اندرون کوٹ بدر دین خان، لاہوری گیٹ، لنڈ ابازار،چاندنی چوک،تحصیلدار چوک، دوسہرا گراؤنڈ، دھنپت روڈ، ریلوے روڈ،جماعت پورہ، رڑاں گجراں، نیا بازار، صرافاں بازار، کوٹ عثمان خان، بلدیہ چوک، کوٹ غلام محمد خان،نیشنل بنک چوک، پتواں والا گیٹ، پرانا لاری اڈا، نور محل چوک، بستی قادرآباد، سٹیل باغ چوک، کھارا روڈ،کوٹ مراد خان، چوک شفیع محصولیہ،

بستی صابری، بھسرپورہ، رکن پورہ، سلامت پورہ،کوٹ علیگڑھ ،لطیف پورہ، کوٹ حلیم خان،چو ک قتل گڑھی،کوٹ اعظم خان،کوٹ فتح دین خان،کالج روڈ، ڈنگی پورہ، بھٹہ چوک ودیگرعلاقوں میں نکاسی آب کا مناسب انتظام اور نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جو رات گئے تک نہ نکالا جا سکا اور شہر تالاب کا منظر پیش کرتا رہا۔ بارش کا پانی گھروں، دفاتر اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور عوام تبدیلی سرکار، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کو کوستے رہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بے بس ہو کر رہ گئی ہے ۔جبکہ بیورو کریسی کو عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ان کی تنخواہیں ان کے اکاؤنٹس میں ہر ماہ باقاعدگی سے آجاتی ہیں اور کارکردگی کے حوالے

سے ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومتی نمائندے بھی ان سے باز پرس نہیں کر سکتی۔ بیورو کریسی انگریز کا بوسیدہ نظام ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے حکومت پر حکمرانی اور ان کا استحصال کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ افسوس اتنی دہائیاں گزرنے کے باوجود ہم اس نظام کو ختم یا تبدیل نہیں کر سکے جس کا خمیازہ برسوں سے لیکر آج تک غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ شہر کی سیاسی، سماجی، فلاحی اور شہری تنظیموں نے نالاں ہو کر وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار سے فوری نوٹس لے کر قصور کے شہریوں کے بنیادی مسائل حل کرنے اور غفلت برتنے والی ضلعی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں