قصور:ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے کچہ پکا فیملی پارک کا افتتاح کیااور وزیر اعظم کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودا لگایا۔

قصور(مہر محمد عابد) ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل نے کچہ پکا تحصیل قصور میں فیملی پارک کا افتتاح کیااور وزیر اعظم کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودا لگایا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور اورنگزیب سدھو، تحریک انصاف کے رہنما علاقہ عابد جمال ڈوگر، معززین علاقہ چوہدری مبشر آکاش، چوہدری محمد امین،محمد عمر بشیر،چوہدری واجد محمود کمبوہ، محمد اکرم رضا، محمد بلال صوفی اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اہل دیہہ کی طرف سے اپنی مد د آپ کے تحت کچہ پکا فیملی پارک کی تعمیر پر انکی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آسیہ گُل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ضلع بھر میں کام جاری ہے اور شہری علاقوں کیساتھ ساتھ دیہاتوں کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے پارکس انتہائی ضروری ہیں۔کچہ پکا فیملی پارک میں بیٹھنے کیلئے بینچ اور بچوں کی تفریح کیلئے جھولے ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے۔

شہری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے سبزہ کو اجاگر کریں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور اسکی حفاظت و آبیاری کریں۔ ضلعی انتظامیہ صحت مندانہ تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور کچہ پکا فیملی پارک میں خوبصورت پودے اور گھاس لگایا گیا ہے جو خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے تا ہم پارک کی تعمیر سے یہاں کے رہائشیوں کو صحت مند ماحول اور اچھی تفریح میسر آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ایک ہزار سے زائد آبادی والے دیہاتوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹرفلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ فیملی پارک پانچ ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے اوراسے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ایک طرف خواتین اور دوسری طرف مرد حضرات کیلئے مخصوص ہے۔ پارک میں خوبصورت پودے، گھاس اور جوگنگ ٹریک بھی بنائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں