اسلام آباد:ایک سال میں ملکی مجموعی قرض میں 37 ارب ڈالرز کا اضافہ

اسلام آباد:(مہر محمد عابد)وزارت خزانہ نے سالانہ قرضوں کی رپورٹ 21-2020 جاری کردی جس کے مطابق ایک سال میں ملکی مجموعی قرض میں 37 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوگیا۔اس رپورٹ کے مطابق جون 2021 تک ملکی مجموعی قرض 253 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ برس یہ قرض 216 ارب ڈالرز تھا۔وزارت خزانہ کے مطابق جون 2021 تک مقامی قرضوں کا کل حجم 167 ارب ڈالرز ہے، جبکہ گزشتہ برس یہ حجم 138 ارب ڈالرز تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون 2020 میں غیر ملکی قرض کا حجم 78 ارب ڈالرز تھا جو بڑھ کر اب جون 2021 میں 86 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔اس میں کہا گیا کہ جون 2021 میں ڈالر کا ریٹ 157 روپے 30 پیسے تھا جبکہ گزشتہ برس یہ ریٹ 168 روپے 20 پیسے تھا۔وزارت خزانہ کے مطابق جون 2021 تک ملکی قرض 39 ہزار 859 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ برس یہ 36 ہزار 399 ارب روپے تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جون 2021 تک حکومتی قرض 35 ہزار 756 ارب روپے تک پہنچا جبکہ پچھلے سال یہ قرض 33 ہزار 235 ارب روپے تھا۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ جون 2021 تک ملکی قرض بلحاظ جی ڈی پی 83.5 فیصد تھا، جبکہ پچھلے سال یہ 87.5 فیصد تھا، جس کے مطابق ایک سال میں ملکی قرض بلحاظ جی ڈی پی 4 فیصد کم ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں