چونیاں:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ فیاض دھون

چونیاں (صاف بات) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والے حکمران غریب عوام پر ہر روز مہنگائی کے بم برسا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما فیاض دھون نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا مسلسل ہوشربا مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، عوام دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی قاصر ہو چکے ہیں اور مہنگائی و بیروزگاری کے باعث خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مگر ظالم حکومت کے وزراء مسلسل جھوٹ کے ذریعے ملکی معیشت کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ عوام ظالم حکومت کے خاتمے کیلئے جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں مانگ رہے ہیں،

تبدیلی سرکار اگر تھوڑی سی بھی اخلاقیات رکھتی ہے تو اسے فوری مستعفیٰ ہوجانا چاہئے کیونکہ مہنگائی کے ظلم کا شکار عوام جب سڑکوں پر آئیں گے تو تبدیلی سرکار کو بہا کر لے جائیں گے۔آٹا، گھی، چینی، سبزیوں،پھل، اور دیگر اشیائے خوردونوش سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔ تبدیلی سرکار اقتدار میں آنے سے پہلے کہتی تھی کہ روزانہ اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے جو شاید اب ان کے آنے پر ختم ہوگئی ہوگی تو پھر عوام پرمسلسل بوجھ ڈالنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ فیاض دھون نے مزید کہا حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے فوری غریب عوام کو ریلیف دیتے ہوئے مہنگائی میں کمی لانے کے اقدامات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں